واٹس ایپ کے بظاہر معمولی فیچرز جو اس کے استعمال کا تجربہ بدل کر رکھ دیں گے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دنیا بھر میں پیغام رسانی کیلئے استعمال کی جانے والی مقبول ترین ایپلی کیشن واٹس ایپ میں چند معمولی مگر ایسی تبدیلیاں ہونے والی ہیں جو اس میسنجر کے استعمال کا تجربہ بدل کر رکھ دیں گی۔
سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے بیٹا ورژن میں کمپنی نے کئی فیچرز کا اضافہ کیا ہے۔ان میں سے ایک فیچر تو سب سے پہلے فیس بک نیوز فیڈ پوسٹس کے لیے متعارف ہوا تھا جسے بعد میں میسنجر چیٹس کا حصہ بنا دیا گیا۔یعنی ری ایکشنز کا جو فیس بک نے میسنجر کے بعد انسٹاگرام میسجز کا حصہ بنایا اور اب واٹس ایپ میں اسے متعارف کرایا جارہا ہے۔
واٹس ایپ میں ایموجی، اسٹیکر اور جی آئی ایف سپورٹ پہلے سے موجود ہے جس سے صارفین اپنے جذبات کا اظہار کرسکتے ہیں اور اب میسجز ری ایکشنز پر کام کیا جارہا ہے۔
فیس بک میسنجر استعمال کرنے والے اس فیچر سے بخوبی واقف ہیں اور واٹس ایپ میں بھی کسی میسج پر صارف ایموجی سے اپنا ردعمل ظاہر کرسکیں گے۔ری ایکشنز کے لیے کتنے ایموجیز واٹس ایپ میں دستیاب ہوں گے اس بارے میں ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں۔دوسری جانب واٹس ایپ کی جانب سے وائس میسجز فیچر کو بھی اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے۔
اب صارفین وائس میسجز کو بھیجنے سے پہلے سن بھی سکیں گے جبکہ واٹس ایپ کی جانب سے پیغام ریکارڈ کراتے ہوئے ویوفارم کو بھی ڈسپلے کیا جائے گا۔یہ فیچر بھی بیٹا ورژن میں موجود ہے جس کی آزمائش کچھ عرصے تک جاری رہے گی جس کے بعد اسے عام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
رئیل ٹائم ویو فارمز کے ساتھ ایک نئے اسٹاپ بٹن کا بھی اضافہ کیا جارہا ہے تاکہ صارفین ریکارڈنگ کو درمیان میں روک کر اسے سن کر درست کریں اور پھر بھیجنے کا فیصلہ کریں۔اس اسٹاپ بٹن کے ساتھ ایک ڈیلٹ بٹن بھی ہوگا تاکہ صارف ریکارڈنگ کو روک کر اسے سننے کے بعد ڈیلیٹ کرکے میسج دوبارہ ریکارڈ کرسکے۔جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ سب فیچرز واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن کا حصہ ہیں اور آزمائش کے بعد ممکنہ طور پر تبدیلیوں کے ساتھ آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں صارفین کو متعارف کرائے جائیں گے۔