پاکستان میں جنگ زدہ افغانستان سے بھی زیادہ مہنگائی ہے، بلاول بھٹو
ٹنڈو الٰہ یار (قدرت روزنامہ)پاکستا ن پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پاکستانیوں کا معاشی قتل کر رہی ہے، جب سے یہ حکومت آئی بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ خان صاحب کی 3 سال میں کوئی کامیابی ہے تو وہ تاریخی مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔پاکستان میں جنگ زدہ افغانستان سے بھی زیادہ مہنگائی ہے۔
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ٹنڈوالہٰ یار کے عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے اور جیالے جانتے ہیں کہ اپنے حقوق کا تحفظ کیسے کیا جاتا ہے، سیاسی میدان میں اتر کر اس نااہل اور نالائق حکومت کا مقابلہ کریں گے۔ پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو اس سلیکٹڈ کا مقابلہ کر سکتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک سلیکٹڈ حکومت ہر طرف سے حملہ آور ہے، غربت اور اور بے روزگاری کا اضافہ جو اس حکومت میں ہوا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ہم نے روٹی ،کپڑ ااور مکان دینے کی بات کی ،عمران خان نے عوام سے ہی چھین لیے،پیپلزپارٹی دور میں ملازمتیں دی گئیں ،نوازشریف دور میں لی گئیں ،اب پھر عمران خان حکومت میں لوگوں سے روزگار چھین رہے ہیں۔