سندھ

الیکشن ملتوی کرنے کی سازش میں سندھ حکومت بھی شامل ہے، حافظ نعیم الرحمٰن


کراچی (قدرت روزنامہ)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ الیکشن ملتوی کرنے کی سازش کی جارہی ہے جس میں سندھ حکومت بھی شامل ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک پارٹی کہتی ہے الیکشن نہیں ہونے دیں گے، رسی جل گئی لیکن بل نہیں گیا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ یہ دھمکیاں ہم نے پہلے بھی سنی ہیں، مہاجر نوجوانوں کا قتل عام کیا گیا ہے، آج پھر وہی دھمکی دے رہے ہو، تم نے نوجوانوں سے تعلیم اور روزگار چھینا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم دیکھتے ہیں کون الیکشن سبوتاژ کرے گا، یہ پدی اور پدی کا شوربہ ان کی اوقات کیا ہے، انہوں نے ہمیشہ کراچی کو فروخت، مہاجروں کی تہذیب پر حملہ کیا اور مینڈیٹ وڈیروں کو بیچا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ گورنر شپ اور ایڈمنسٹریٹر شپ پر بک گئے ہیں، یہ چور راستے سے ایڈمنسٹریٹر بنے رہنا چاہتے ہیں، ایم کیو ایم والوں چور دروازے سے کیوں آتے ہو؟۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم نے تو 25، 30 سال گولیوں کا سامنا بھی کرلیا، کل بھی ایک جوان کو قتل کردیا گیا، ہم پولیس میں اصلاحات اور رینجرز کے اختیار کی بات عوام کے تحفظ کے لیے کرتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ موجودہ حالات میں فوج و رینجرز کو الیکشن میں تعینات کیا جانا ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں