پنجاب

عمران خان اور فواد چوہدری کے وارنٹِ گرفتاری معطل


لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے الیکشن کمیشن سے جاری کیے گئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور فواد چوہدری کے وارنٹِ گرفتاری معطل کر دیے۔کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان نے کی۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو توہینِ الیکشن کمیشن کی سماعت جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔
جسٹس صداقت علی خان نے ریمارکس دیے کہ عدلیہ قانون اور انصاف پر مبنی فیصلے کرتی ہے، عدلیہ سے ریلیف بھی لیتے ہیں اور میڈیا میں عدالتوں کو نشانہ بھی بناتے ہیں، میڈیا میں عدالتوں کو نشانہ بنانا توہینِ عدالت ہے، فواد چوہدری نے میڈیا میں آئندہ عدالتوں کو نشانہ بنایا تو ان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی ہو گی۔
جسٹس صداقت علی خان نے کہا کہ عدلیہ قانون اور انصاف پر مبنی فیصلے کرتی ہے، فواد چوہدری نے انٹرنیشنل چینل پر کرپشن کی ساری ذمے داری عدالتوں پر ڈالی، ابھی تو عدالت آپ کو ریلف دے رہی ہے، فواد چوہدری کو جا کر بتا دیں کہ ساری ذمے داری عدالتوں پر نہ ڈالیں۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں یہ بھی کہا کہ بہت ہو گیا، عدالت اب برداشت نہیں کرے گی، انف از انف، فواد چوہدری جب بھی میڈیا سے بات کرتے ہیں تو ذمے دار عدالتوں کو ٹھہراتے ہیں۔

متعلقہ خبریں