سعودی عرب نے عمرہ انشورنس فیس میں 63 فیصد کمی کردی


مکہ مکرمہ (قدرت روزنامہ) سعودی عرب نے عمرہ انشورنس فیس میں 63 فیصد کمی کرتے ہوئے بیرون مملکت سے آنے والے زائرین کیلئے عمرہ انشورنس پیکیج کی قیمت 235.57 ریال سے کم کرکے 87.4 ریال کردی . عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ 10 جنوری 2023ء سے سعودی عرب سے باہر سے آنے والے زائرین کے لیے عمرہ انشورنس پیکیج کی قیمت میں 63 فیصد تک کمی کرکے نئی قیمت 87.4 ریال مقرر کی گئی ہے جو اس سے پہلے 235.57 ریال تھی، لہٰذا اب بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کو مکمل انشورنس پیکیج کے لیے صرف 87.4 ریال ادا کرنا ہوں گے .


وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ زائرین کو انشورنس پیکیج سعودی عرب آمد سے قبل ویزا کارروائی کے ذریعے حاصل کرنا ہوگا، عمرہ زائر کو مکمل انشورنس پیکیج کے تحت ہر طرح کے ہنگامی حالات کی کوریج دی جائے گی، جن میں طبی معائنہ، ادویات، ہسپتال میں علاج و کھانا پینا، ٹریفک حادثات میں زخمی ہونے کی صورت میں سہولیات، ڈائلاسز، حمل اور ولادت کی ہنگامی صورتحال، دانتوں کے ہنگامی علاج اور اندرون و بیرون مملکت فضائی ایمبولینس کی سہولت بھی شامل ہے .
معلوم ہوا ہے کہ قدرتی آفات کے باعث موت اور حادثاتی طور پر مکمل معذوری کی کوریج بھی انشورنس پیکیج کا حصہ ہوگی، متوفی کی میت کی اس کے آبائی وطن واپسی، حادثاتی موت اور عدالتی فیصلے پر دیت کی رقم کی ادائیگی بھی انشورنس پیکیج کے تحت کی جائے گی . وزارت کا کہنا ہے کہ بیرون مملکت سے آنے والے زائرین کے لیے مکمل عمرہ انشورنس پیکیج کی قیمت میں کمی اچھا اقدام ہے، عمرہ زائر کے مکمل انشورنس پیکیج میں سفری مسائل کی بھی کوریج شامل کئی گئی ہے، جس کے تحت پرواز میں تاخیر یا پرواز کی منسوخی پر معاوضہ وغیرہ دیا جائے گا، انشورنس کرانے والے کو یہ تمام سہولیات عمرہ انشورنس پیکیج کے تحت دی جائیں گی اور ایک لاکھ ریال تک معاوضے دیے جائیں گے .

. .

متعلقہ خبریں