پاکستان کو آج قانون کی حکمرانی کی ضرورت ہے، اعظم سواتی
کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم سواتی نے کہا ہے کہ پاکستان کو آج قانون کی حکمرانی کی ضرورت ہے۔سینیٹر اعظم سواتی نے مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز وکلاء کے سیمینار میں رول آف لاء پر بات کی، وہ بات پاکستان کے مستقبل کے لئے ہے، مثبت بات پر پارٹی اور پاکستان کو قائل کرونگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمسایہ کی فوج کا ترجمان ہمیں للکارتا ہے، ہمسایہ کی معیشت پانچ ٹریلین تک پہنچ گئی اور ہم کہاں کھڑے ہیں۔
یقین ہے سیاست کرپشن سے دور ہوکر مثبت سمت جائے گی
اعظم سواتی نے کہا کہ قائد کے جدوجہد کی وجہ سے ہم آزاد ہیں، آرمی چیف کو پیغام دینا چاہتا ہوں جس آئین پر حلف لیا عملی طور پر اسکے تابع ہوجائیں تو پاکستان کی چند ماہ میں صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے۔انکا کہنا ہے کہ جناب عاصم منیر صاحب آپ ہمارے لئے فخر ہیں، آپ کے سینے میں قرآن کی روشنی ہے، آپکے عمل سے پاکستان کی تاریخ کا وہ باب شروع ہوگا جس پر آنے والے وقت میں فخر ہوگا، آپکے عمل سے ملک کے ادارے آزاد ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کریں گے، آج پاکستان کو قانون کی حکمرانی کی ضرورت ہے، آرمی چیف کی آئینی اور قانونی عمل سے سماجی اور اخلاقی صورتحال تبدیل ہوگی، آنے والے تاریخ میں آپکا نام رقم ہوگا، آپ قانون کے تحت تابع ہوجائیں سیاستدانوں کو طاقت ملے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ قائد اعظم نے پاکستان کو آزاد کیا، حقیقی آزادی اس دن شروع ہوگی جب آپ آرمی چیف کی حیثیت سے آئین و قانون کی حکمرانی کے تابع کریں گے۔اعظم سواتی نے کہا کہ جب عوام اور ملکی معیشت افواج کے ساتھ ہوگی تو دشمن کو للکارنے کی جرات نہیں ہوگی، یقین ہے سیاست کرپشن سے دور ہوکر مثبت سمت جائے گی۔
ہمیں اب آگے بڑھنا ہے
انہوں نے کہا کہ آزاد اور خودمختار الیکشن کمیشن ہوگا، امید ہے میری التجا پاکستان کی تاریخ کو تبدیل کرے گی، جو کچھ پاکستان میں ہوا سب معاف ہوجائے گا، لیکن جن لوگوں نے ملک کو لوٹا ہے ان کے معاف نہیں کیا جائے گا۔اعظم سواتی نے مزید کہا کہ میں اپنے خلاف اقدامات، عمران خان اپنے اوپر ہونے والے قاتلانہ حملے کو بھی معاف کردیں گے، ارشد شریف کی بہادر ماں کے قدموں میں بیٹھ کو انکو بھی قائل کروں گا، ہم نے اب آگے بڑھنا ہے۔