اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست میں ان کے وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کی ہے کہ آئندہ سماعت ویلنٹائن ڈے کے بعد رکھ لیں . اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی .
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کا حق ہے کہ وہ جہاں جانا چاہے جائے .
عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اس کیس کو رکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، دو مختلف شہریوں نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی . چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے بھی یہاں کے بعد وہاں درخواست دائر کی؟
بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں وہاں درخواستوں میں فریق بنایا گیا اور نوٹسز جاری کیے گئے، لاہور ہائی کورٹ میں پارٹی صدارت سے ہٹانے کے الیکشن کمیشن نوٹسز کو چیلنج کیا . اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے وکلا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ درخواست یہاں سنی جائے یا لاہور راستہ نکال لیں .
بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ ہو سکتا ہے میں اس پر دلائل ہی دے دوں . عمران خان کے وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کی ہے کہ آئندہ سماعت ویلنٹائن ڈے کے بعد رکھ لیں .
عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست پر عدالت نے فریقین کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی .