پاکستان

بلوچستان میں قانون کی بالادستی کا ہمارا منصوبہ آج مکمل ہو گیا: امریکی سفیر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں قانون کی بالادستی کے لیے ہمارا منصوبہ آج مکمل ہو گیا۔اسلام آباد میں اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے انسدادِ منشیات (یو این او ڈی سی) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا سیکیورٹی اور معیشت کے شعبوں میں مشترکہ مفادات کے حامل ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں قانون کی بالادستی کے لیے 15 ملین ڈالرز سے زائد کی رقم خرچ کی، اس رقم سے جدید گاڑیاں اور متعلقہ ہتھیار خریدے گئے۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں تجارت، معیشت اور دیگر شعبے ہماری ترجیحات ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں سیکیورٹی ایک اہم جزو ہے، ہم پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ یو این او ڈی سی پاکستان نے کہا کہ بلوچستان میں قانون کی بالا دستی سے پولیس کا نظام بہتر ہوا ہے۔
گوادر، تربت میں جلد خواتین پولیس اسٹیشن کھلیں گے: آئی جی
آئی جی بلوچستان عبدالخالق شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پولیس کی معاونت پر یو این او ڈی سی اور امریکی حکومت کا مشکور ہوں۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان پولیس میں خواتین اہلکاروں کے بچوں کے لیے ڈے کیئر سینٹر قائم ہے، تربت بلوچستان میں خواتین کا پولیس اسٹیشن کھولنے جا رہے ہیں۔
آئی جی بلوچستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ گوادرمیں بھی خواتین کے لیے پولیس اسٹیشن کا جلد آغاز ہو گا، بلوچستان پولیس میں خواتین کے ساتھ اقلیتوں کی بھرتی بھی کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں