پاکستان

جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف جوڈیشل ریفرنس کی نقول باقی 4ممبرانِ کونسل کو بھی ارسال


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف جوڈیشل ریفرنس کی نقول سپریم جوڈیشل کونسل کے باقی 4ممبران کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔
جوڈیشل ریفرنس کی یہ نقول میاں داؤد ایڈوکیٹ نے بذریعہ درخواست ارسال کی ہیں۔ سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبران جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس سردار طارق مسعود، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی شیخ اور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ قیصر رشید خان کو ریفرنس کی نقول برائے اطلاع ارسال کی گئی ہیں۔
درخواست میں میاں داؤد ایڈوکیٹ نے درخواست میں کہا ہے کہ معزز جج کے خلاف ریفرنس 23فروری کو بذریعہ پوسٹ دائر کیا، عدالتی روایات اور رولز کے مطابق سیکریٹری جوڈیشل کونسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی ریفرنس کی نقول متعلقہ ممبران کو فراہم کرے، تاہم مجھے معلوم ہوا ہے کہ سیکریٹری سپریم جوڈیشل کونسل نے ابھی تک ریفرنس کی نقول تمام ممبران کو فراہم نہیں کیں۔
ممبران کے نام درخواست میں درخواست گزار میاں داؤد ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ جوڈیشل ریفرنس میں معزز جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی صاحب اور ان کی فیملی کے اثاثوں میں غیرقانونی اضافے کی بابت معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
ریفرنس میں معزز جج کے عدالتی عہدے کے ناجائز استعمال کی بابت بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں جبکہ معزز جج کے کاروباری، بااثر شخصیات کے ساتھ تعلقات بابت بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ ریفرنس میں معزز جج کےعمران خان اور پرویز الہیٰ وغیرہ کے ساتھ بالواسطہ اور بلاواسطہ خفیہ قریبی تعلقات کی بابت بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں