دودھ کی زائد قیمتوں،غیر معیاری فروخت کیخلاف آپریشن کاحکم

کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ ہائی کورٹ نے زائد قیمت اور غیر معیاری دودھ کی فروخت کے خلاف آپریشن کا حکم دے دیا ہے . جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں دودھ کی قیمتوں سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی .

بلدیہ عظمی کراچی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دودھ کی فی کلو قیمت 110 روپے مقررکی گئی ہے . جسٹس اقبال کہلوڑو نے استفسارکیا کہ یہ قیمت کس بنیاد پر110 روپے قیمت مقرر کی گئی . دودھ میں کیمیکل ملانے کی اطلاعات آرہی ہیں،معیار کون چیک کرتا ہے . اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی دودھ کا معیار چیک کرتی ہے . اس پرعدالت نے اسسٹنٹ کمشنرپربرہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ آپ اوپرکیوں بیٹھے ہیں اورآپ کا کام اس کودیکھنا ہے . عدالت نے اسسٹنٹ کمشنر کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو معلوم ہے کہ کراچی میں 160 روپے فی کلو دودھ مل رہا ہے . آپ عوام کے ٹیکس سے تنخواہ لے رہے ہیں اور آپ کو چاہئے کہ کام بھی کریں . عدالت نے حکم دیا کہ فوڈ اتھارٹی بھی سورہی ہے،ان کو چاہئے کہ آج سے آپریشن شروع کریں . اس پر سندھ فوڈ اتھارٹی کے وکیل نے بتایا کہ ہم روزانہ چھاپے ماررہے ہیں . عدالت نے حکم دیا کہ صرف دکھاوے کے چھاپے نہیں چاہئیں،جا کر کام کریں . بلدیہ عظمی کراچی کے وکیل نے مزید بتایا کہ کمشنر کراچی خود نگرانی کررہے ہیں اورگراں فروشی کے خلاف کارروائی ہورہی ہے . عدالت نے گراں فروشی اورغیرمعیاری دودھ کے خلاف کارروائی نہ کرنے پربرہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دئیے کہ نوٹیفیکیشن جاری ہوجاتا ہے مگرعمل درآمد نہیں ہوتا . عدالت نے واضح کردیا کہ یہ عوام کا براہ راست مسئلہ ہے اور ہم حکم پرعمل درآمد کرائیں گے . سندھ ہائی کورٹ نے سندھ فوڈ اتھارٹی اورکمشنر کراچی کو 21 ستمبر تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی . . .

متعلقہ خبریں