آئی ایم ایف کا معاہدہ حتمی ہونے کے قریب ہے، گورنراسٹیٹ بینک
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا معاہدہ حتمی ہونے کے قریب ہے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونے کی بعد باہر سے زرمبادلہ کا ان فلو بڑھے گا۔
جمیل احمد کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد ڈالر انفلو بہتر ہونے سے فارن ریزرو میں بہتری آئے گی، آئندہ ہفتے کے اختتام تک اسٹیٹ بینک کے ذخائر 4.3 ارب ڈالر ہوں گے، رواں سال کی مہنگائی کی سالانہ شرح 26.5 فیصد تک رہنے کا تخمینہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ مالی سال پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد 9.7 ارب ڈالر تھیں،رواں مالی سال پہلے 7 ماہ میں 11.3 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئی ہیں،گزشتہ 2 ماہ میں اضافی60 کروڑ ڈالر مالیت کا خوردنی تیل درآمد کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے گورنر نے کہا کہ رواں مالی سال 2.4 ملین ڈالرسے زائد قرض کی ادائیگی کی ہے، رواں مالی سال گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ڈالر کا انفلو آؤٹ فلو سے کم رہا۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ رواں سال ترسیلات زر میں 2 ارب ڈالر کی کمی آئی ہے، ترسیلات زر 18 ارب ڈالر سے کم ہو کر 16 ارب ڈالر تک رہ گئے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ خوردنی تیل کی درآمد کی بنیادی وجہ رمضان المبارک کی ضروریات تھیں، ڈالر کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے تمام قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں سے رابطے میں ہیں۔