سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن نے پنجاب کا انتخابی شیڈول جاری کردیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری کرد یا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے اعلامیے کے مطابق پنجاب کے عام انتخابات 14 مئی کو کرائے جائیں گے اور کاغذات نامزدگی پر اپیلیں 10 اپریل تک دائر کی جا سکیں گی۔
الیکشن کمیشن کے اجلاس کے بعد جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اپیلیٹ ٹربیونل اپیلوں پر فیصلے 17 اپریل تک کر دے گا جبکہ نظر ثانی شدہ فہرست 18 اپریل کو جاری کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق 19 اپریل تک کوئی بھی امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکے گا جبکہ انتخابی نشانات 20 اپریل کو جاری کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے منگل 4 اپریل کے روز پنجاب اسمبلی کے انتخابات 14 مئی کو کرانے کا حکم دیا تھا۔یہ بھی یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول معطل کرتے ہوئے 8 اکتوبر کی تاریخ کا اعلان کیا تھا اور یہ فیصلہ سپریم کورٹ نے کالعدم کر دیا ہے۔