مشاہد حسین کا حکومت کو پی ٹی آئی سے مذاکرات کا مشورہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد حسین نے حکومت کو تحریک انصاف سے مذاکرات اور آئین کے مطابق الیکشن کرانے کا مشورہ دے دیا۔سینیٹ اجلاس میں مشاہد حسین سید نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مودی کو مذاکرات کا کہتے ہیں اور طالبان سے بات کرنے کو تیار ہیں تو پی ٹی آئی سے کیوں نہیں؟
انہوں نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی سے آئین اور شیڈول کے مطابق الیکشن کے رول آف دی گیمز طے کرے۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی غیر ضروری لڑائیوں سے گریز کریں، اداروں سے لڑائی جیتی نہیں جاسکتی، ملک کے لیے اندرونی معاملات پر بات چیت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ سے اور پی ٹی آئی فوج سے غیرضروری لڑائی میں مصروف ہے، پاکستان کے اندر قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ چین سے واپس آیا ہوں وہ ہمارے بہترین شراکت دار ہیں، چین کا کہنا ہے کہ وہ ان حالات میں بھی پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔