پاکستان

آئی ایم ایف کا عمران خان کی گرفتاری پر بیان دینے سے انکار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) آئی ایم ایف نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے بیان دینے سے انکار کردیا ہے۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف ) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری پر بیان دینے سے انکار کرتے ہوئے پاکستان سے قرض کی واپسی کے مربوط طریقہ کار پر اعتماد اور معاشی پالیسی پر عملدرآمد کی یقین دہانی مانگ لی ہے۔ علاوہ ازیں آئی ایم ایف نے پا کستان سے سستا پیٹرول اسکیم شروع نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ملکی حالات کے تناظر میں آ ئی ایم ایف کے ترجمان نے پاکستان کی صورتحال پر بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ قرض پروگرام پر بات چیت چل ہے، پاکستان کے ساتھ قرض پروگرام جون 2023میں ختم ہوجائے گا، موجودہ قرض پروگرام کے تحت پاکستان کو 2.6 ارب ڈالر دینے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے قرض کی واپسی کے مربوط طریقہ کار پر اعتماد اور معاشی پالیسی پر عملدرآمد کی یقین دہانی چاہتے ہیں۔ نویں جائزہ اجلاس کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ آئی ایم ایف کا مقصد ہے۔پاکستان نے 2019ء میں 6.7 ارب ڈالر کے قرض کا معاہدہ کیا تھا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سے سستا پیٹرول اسکیم شروع نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان کی سستا پیٹرول اسکیم سبسڈی نہ دینے کے معاہدے سے انحراف ہوگا جب کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی کرپشن کیس میں گرفتاری پر بیان اور تبصرے سے انکار کردیا۔ ترجمان نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری پر کوئی بیان دینا نہیں چاہتے۔

متعلقہ خبریں