کراچی(قدرت روزنامہ) محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں اسہال اور ہیضے سے متاثرہ افراد کے اعداد و شمار جاری کردیئے، ڈیٹا کے مطابق شہر میں اس سال گزشتہ چھ ماہ کے دوران اسہال کے 83 ہزار سے زائد اور ہیضے کے 53 ہزار کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں .
ایکسپریس کے مطابق کراچی اور اس کے دیہی علاقوں میں آلودہ پانی سے وبائی امراض پھیل گئے ہیں، محکمہ صحت سندھ کے مطابق شہر کے 7 اضلاع میں کل 83 ہزار 248 افراد بشمول بچے و خواتین متاثر ہوئے ہیں، سب سے زیادہ 32 ہزار 57 اسہال کے کیسز ضلع وسطی میں منظر عام پر آئے جبکہ سب سے کم 3 ہزار 952 ڈائریا کیسز ضلع کورنگی میں رپورٹ ہوئے .
رپورٹ کے مطابق ضلع ملیر میں 14 ہزار 432 افراد متاثر ہوئے، 12 ہزار 486 اسہال کیسز ضلع غربی میں رپورٹ کیے گئے، 6 ہزار 834 اسہال کیسز ضلع جنوبی رپورٹ ہوئے، اسہال سے متاثرہ 4 ہزار 535 افراد ضلع کیماڑی میں رپورٹ ہوئے . 8 ہزار 952 اسہال سے متاثرہ افراد ضلع شرقی میں سامنے آئے .
طبی ماہرین کی جانب سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو آر او پلانٹ اور ابلے ہوئے پانی کے استعمال کی ہدایت دی جارہی ہے تو دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کی جانب سے متاثرہ علاقوں کے عوام میں او آر ایس کے پیکٹس اور کلورین ایکوا گولیاں بھی تقسیم کیں جارہیں ہیں .