بلوچستان

قلعہ عبداللہ کے صحت مراکز میں عملہ غیر حاضر، ادویات ناپید، متعدد مشینری غائب ہونیکا انکشاف


قلعہ عبداللہ (قدرت روزنامہ) ضلع قلعہ عبداللہ میں ہیلتھ سینٹر این جی اوز کی ادویات پر چلنے لگے، سرکاری ادویات اسپتالوں سے غائب، چند ایک سینٹر کو دی جانے والی مشینری غائب ہونے کا انکشاف۔ ضلع قلعہ عبداللہ میں قائم سرکاری ہیلتھ سنٹر سرکاری ادویات کے بجائے مختلف این جی اوز کی جانب سے ملنے والی ادویات پر چلائے جانے لگے اور وہاں سرکاری ملازمین کے بجائے این جی اوز کے تعینات ڈیوٹی دینے لگے،
جبکہ ان سینٹر میں اکثر سرکاری ملازمین خود ڈیوٹی سے غائب ہیں، اسپتالوں کو ملنے والی سرکاری ادویات بھی ہاتھوں ہاتھ بک جاتی ہیں۔ ذرائع نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ مختلف این جی اوز کی جانب سے اسپتالوں کو ملنے والی مشینری بھی غائب کردی گئی ہے اور خدشہ ہے کہ اسے فروخت یا پھر گھروں کی زینت بنا دیا گیا ہے۔ ضلع قلعہ عبداللہ میں لوگوں کو صحت اور علاج معالجے کے حوالے سے سخت مشکلات درپیش ہیں، مریضوں کو علاج معالجہ کے لئے کوئٹہ جانا پڑتا ہے،
جہاں انہیں پرائیویٹ اسپتالوں میں بھاری فیسیں دینی پڑتی ہے حالانکہ ضلع کا درجہ ملنے کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال میں لوگوں کو صحت کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنا ضروری تھا مگر افسوس ہے کہ اس حوالے سے ابتک اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ اس وقت ضلع قلعہ عبداللہ کے 2 ممبران صوبائی اسمبلی میں علاقے کی نمائندگی کیلئے موجود ہے مگر اس حوالے سے انہوں نے کوئی مثبت اقدامات نہیں اٹھائے ہیں قلعہ عبداللہ کے سماجی و عوامی حلقوں نے محکمہ صحت کے اعلی حکام سے صورتحال میں بہتری لانے اور لوگوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں