کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہےکہ اہلیانِ لیاری کی جانب سے کے الیکٹرک کے دفتر کو نقصان پہنچانے کی مذمت کرتے ہیں . ترجمان کے الیکٹرک کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مظاہرین کو منتشر کیا .
کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی سب کو چاہیے لیکن بجلی کی مسلسل فراہمی بغیر بلوں کی ادائیگی کے ممکن نہیں . ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ جن علاقوں میں بجلی کی چوری اور نقصانات 70 فیصد سے زائد ہیں وہاں بجلی کی مسلسل فراہمی مشکل ہے . کے الیکٹرک کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ لیاری اور ملحقہ علاقوں کے صارفین نے بلوں کی مد میں 10 ارب روپے کی ادائیگی کرنا ہے .
ترجمان کے الیکٹرک کا یہ کہنا ہے کہ علاقہ نمائندگان بلوں کی ادائیگیوں کو یقینی بنائیں تاکہ صورتِ حال میں بہتری آئے . واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے لیاری کے عوام بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ پر آپے سے باہر ہوگئے، انہوں نے کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس پر دھاوا بول دیا .
اہلیانِ لیاری نے پتھروں اور ڈنڈوں سے دفتر کے شیشے توڑ ڈالے . کئی گھنٹے کے احتجاج کے بعد ادارے کی انتظامیہ نے مذاکرات کر کے اور مظاہرین کو لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کی یقین دہانی کروا کے واپس بھیج دیا .