سندھ
کراچی میں کل سے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان
کراچی(قدرت روزنامہ)شہر قائد میں کل جمعہ کے روز سے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔مون سون بارشوں کا سلسلہ رات گئے خلیج بنگال سے مشرقی سندھ میں داخل ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش چھور میں 36 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی ۔ علاوہ ازیں اسلام کوٹ میں 24،سکھر13.2،چھاچھرو12،دادو اور مٹھی 7،بدین 4،خیرپور اور موہنجودڑو میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ سب سے کم بارش روہڑی میں 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج حیدرآباد سمیت دیہی سندھ کے کچھ اضلاع میں درمیانی و تیز بارشیں ہوسکتی ہیں جب کہ کراچی میں کل جمعہ کے روز سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے ۔ بارش کے دوران آندھی بھی چل سکتی ہے جب کہ شہر قائد کے کچھ علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہونے کی توقع بھی ہے۔