پنجاب میں موسلادھار بارش کے باعث متعدد افراد جاں بحق، سیلابی صورتحال
لاہور (قدرت روزنامہ)میں موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ حادثات میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔لاہور میں کئی گھنٹوں سے جاری مسلسل بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ بارش کے باعث لیسکو کے 70 فیڈرزسے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔ شدید بارش کے باعث بجلی بحالی اور امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
لاہور میں دوموریہ پل کے نیچے کھڑے پانی میں 17 سالہ لڑکا ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ رائے ونڈ میں گھر کی چھت گرنے سے نوجوان زخمی ہوگیا۔ ڈی سی لاہور نے بارشی پانی یا دریا میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ کر دی۔
لاہور کے دو موریہ پل کے قریب بارش کے پانی میں ڈوب کر 17 سالہ لڑکا جانبحق pic.twitter.com/5LcvULCClw
— Mian junaid (@mianjunaid631) July 22, 2023
قصور کے علاقے کھڈیاں خاص میں 14 سالہ لڑکا گڑھے میں جمع بارش کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ادھر حفاظتی بند ٹوٹنے سے دریائے راوی کا سیلابی پانی ملتان روڈ کے متعدد دیہات میں داخل ہوگیا جس سے ان کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ سیکڑوں ایکٹر اراضی میں کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔
دوسری جانب بارش سے تربیلا ، کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔پاکپتن ، واربرٹن ، ننکانہ صاحب ، شرقپورشریف اور دیگر شہروں بھی رات گئے سے موسلادھار بارش جاری ہے۔