کھیل

ایمرجنگ ایشیا کپ فائنل: پاکستان اور بھارت کولمبو میں آمنے سامنے


کولمبو (قدرت روزنامہ)کولمبو میں جاری ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت اے اور پاکستان شاہینز آمنے سامنے آگئے، بھارت اے کے کپتان یش دھل نے ٹاس جیت کر پاکستان کے کپتان محمد حارث کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستانی اسکواڈ میں شامل کپتان محمد حارث، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، عمیر بن یوسف، طیب طاہر، قاسم اکرم ، مبصر خان، محمد وسیم جونیئر، مہران ممتاز، ارشد اقبال اور صفیان مقیم کھیل رہے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان شاہینز نے ایمرجنگ ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں سری لنکا اے کو 60 رنز سے شکست دی تھی، سرلنکا اے 323 رنز کا ہدف پورا نہ کر سکی اور 46 اوورز کے دوران 262 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔واضح رہے سری لنکا میں کھیلے جانے والے مینز ایمرجنگ ایشیا کپ کے سیمی فائنل مقابلوں میں پاکستان نے میزبان سری لنکا کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، جب کہ بھارت ایک زبردست مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو ہرا کر فائنل میں پہنچا ہے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اے نے سری لنکا اے کو 60 رنز اور دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اے نے بنگلہ دیش اے کو 51 رنز سے شکست دی تھی۔
بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے جبکہ دفاعی چیمپئن پاکستان کو گروپ میچ میں بھارت کے ہاتھوں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ فیصلہ کن معرکے میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔

متعلقہ خبریں