پاکستان

6 ارب 50 کروڑ ڈالر کا ایم ایل ون منصوبہ، پاک چین کے درمیان فنانسنگ طے


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان اور چین کے درمیان ایم ایل ون منصوبہ کی فنانسنگ کے معاملات طے پاگئے، ایم ایل ون منصوبے پر دستخط اگست کے پہلے ہفتے میں ہوں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی خصوصی دلچسپی کے باعث ایم ون منصوبے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے،پاکستان اورچین کے درمیان ایم ایل ون منصوبہ کی فنانسنگ کے معاملات طے پاگئے ہیں۔ وزیراعظم کی زیرنگرانی منصوبے کی تفصیلات کو حتمی شکل دی گئی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے منصوبے کی لاگت کم کرنے کیلیے چینی حکام کو قائل کیا۔ ایم ایل ون منصوبے پر 6ارب 50 کروڑ ڈالرز لاگت آئے گی، اس سے پہلے یہ لاگت ساڑھے8ارب ڈالرز تھی، جسے کم کرکے ساڑھے6ارب ڈالرز کیا گیا، پاکستان کی طرف سے منصوبے کی لاگت کم کرنے پر زور دیا گیا تھا، منصوبے کی کل لاگت کا15فیصد پاکستان مہیا کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بیجنگ؛ ایم ایل ون، اقتصادی زونز جلد مکمل کرنے پر اتفاق
منصوبے کے تحت کراچی سے پشاور 1733 کلو میٹر ریلوے ٹریک اپ گریڈ اور دو رویہ کیا جائے گا، ریلوے ٹریک کے ساتھ سگنلز اور ٹیلی کام کا جدید ترین نظام نصب کیا جائے گا،جبکہ ٹریک پر ریل160کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکے گی، تاہم ابتدائی طور پر ریل گاڑیاں 140کلومیٹر کی رفتار سے چلائی جائیں گی۔
منصوبے میں ٹریک کے گرد باڑ لگانے کا پروگرام موخر کردیا گیا اور اب صرف آبادی والے علاقوں میں ریلوے ٹریک کے گرد باڑ لگائی جائے گی۔

متعلقہ خبریں