(ن) لیگ کا اہم شخصیات کی خفیہ آڈیوز سامنے لانے کا فیصلہ
لاہور(قدرت روزنامہ) مسلم لیگ (ن) کے بڑوں کی بیٹھک کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، ن لیگ نے اہم شخصیات کی خفیہ آڈیوز سامنے لانے اور مخالفین کیخلاف جارحانہ مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، ملکی تباہی کی ذمہ داری پاناما جے آئی ٹی کے اراکین، سابقہ سپہ سالار، سابق آئی ایس آئی چیف، ججز، سابق نیب چئیرمن، پی ٹی آئی کے چئیرمن اور دیگر پر عائد کی جائے گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بڑوں کی لندن میں بڑی بیٹھک ہوئی جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے آئندہ عام انتخابات میں مصالحانہ کی بجائے جارحانہ انداز اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن انتخابی مہم میں اپنے ساتھ ہونے والی انتقامی کارروائیوں کو ڈاکومینٹری کی صورت میں سامنے لائے گی، انتخابی مہم کے دوران اداروں کے بجائے چند اہم شخصیات کو ہدفِ تنقید بنایا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف انتخابی مہم میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار، سابق ججز آصف سعید کھوسہ اور شیخ عظمت سعید سمیت دیگر کے پس پردہ کردار کے حوالے سے اہم انکشافات کریں گے، پارٹی کی جانب سے انتخابی مہم میں کچھ اہم شخصیات کی خفیہ آڈیوز بھی عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔
فیصلہ کیا گیا کہ ن لیگ نے فیصلہ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کے دوران پاکستان کی معاشی، سماجی اور سیاسی ابتری کے ذمہ داروں کے نام اجاگر کئے جائیں گے، ملکی ابتر صورتحال کی ذمہ داری پاناما جے آئی ٹی کے اراکین، سابقہ سپہ سالار، سابق آئی ایس آئی چیف، ججز، سابق نیب چئیرمن، پی ٹی آئی کے چئیرمن سمیت دیگر پر عائد کی جائے گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز اپنے ساتھ ہونے والی سازش کے پس پردہ محرکات کو سامنے لائیں گے، شہباز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز عوامی اجتماعات میں مصالحانہ رویہ بھی اپنائیں گے، انتخابی مہم کے دوران شہباز شریف اور حمزہ شہباز اپنے ادوار کے ترقیاتی منصوبوں پر بات کریں گے۔فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف کی وطن واپسی سے قبل سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر بھرپور مہم چلائی جائے گی، کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ نواز شریف کریں گے۔