لاہور (قدرت روزنامہ)پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کے خلاف کک بیکس انکوائری رپورٹ احتساب عدالت لاہور میں پیش کر دی گئی . نیب کی رپورٹ کے مطابق پرویز الہٰی کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد مونس الہٰی کے اکاؤنٹس میں ملکی اور غیرملکی رقم منتقل ہوئی، ان کے ذاتی اکاؤنٹ اور انکی کمپنی کے اکاؤنٹ میں ملکی اور غیر ملکی کرنسی جمع ہوئی .
نیب کے مطابق مونس الہٰی کے مختلف اکاؤنٹس میں 82 کروڑ سے زائد رقم جمع ہوئی، ان کے اکاؤنٹ میں 10 لاکھ 84 ہزار یوروز بھی جمع ہوئے،اس کے علاوہ ان کے اکاؤنٹ میں ایک لاکھ پاؤنڈ اور دیگر کرنسی بھی جمع ہوئی .
نیب کی رپورٹ کے مطابق گجرات میں مختلف ترقیاتی اسکیموں کے ٹھیکوں کے دوران بھی رقم جمع ہوئی، مونس الہٰی کے اکاؤنٹس میں جمع ہونے والی رقم بظاہر رشوت اور کک بیکس کی ہے .
پرویز الہٰی کے دور میں قصور میں زرعی اراضی بھی خریدی گئی،پرویز الہٰی کی بہو نے بھی گجرات میں 748 کنال کی اراضی خریدی . سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی تاحال کیس میں شامل تفتیش نہیں ہوئے، ان کی قانونی ٹیم سے اس معاملے پر موقف لینے کی کوشش کی جا رہی ہے .