بلوچستان میں زیر زمین پانی اور آبی ذخائر کی صورتحال مخدوش ہے، کنالوں کو توسیع دینا ہوگی، علی مردان ڈومکی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ زراعت کے فروغ کیلئے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافے کی ضرورت ہے، زیر زمین پانی زراعت کیلئے بروئے کار لاکر ہم اپنی آئندہ نسلوں کے پینے کا پانی استعمال کررہے ہیں اور اس وقت بلوچستان میں زیر زمین پانی اور آبی ذخائر کی صورتحال مخدوش ہے جسے بہتر بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ناگزیر ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ آبپاشی کے محکمانہ امور اور ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا نگران صوبائی مشیر برائے آبپاشی میر دانش لانگو، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری و ترقیات حافظ عبدالباسط اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ سیکرٹری محکمہ آبپاشی حافظ عبدالماجد نے اجلاس کو بریفنگ دی اجلاس کو ڈیموں کے زیر تعمیر منصوبوں اور مجوزہ منصوبوں کے علاوہ پٹ فیڈر کینال کی ری ماڈلنگ اور کچھی کینال کے توسیعی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی اور بتایاگیا کہ کچھی کینال کی توسیع اور پٹ فیڈر کینال کی ری ماڈلنگ سے 8لاکھ ایکڑ سے زائد مزید اراضی زیر کاشت آئے گی اجلاس کو 100ڈیموں کی تعمیر کے منصوبوں کی پیشرفت اور ڈیموں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ کمانڈ ایریا کی ڈویلپمنٹ کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی وزیراعلیٰ نے کہا کہ کمانڈ ایریا کو ترقی دیئے بغیر ڈیموں کی بھرپور افادیت نہیں ہوگی انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ کے تمام منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنائے انہوں نے محکمہ آبپاشی کے زیر تکمیل منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پنجگور اور آواران کے ڈیموں کے مجوزہ وفاقی منصوبوں پر فوری طور پر عملدرآمد کا آغاز کرنے کی ہدایت بھی کی واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد نگران وزیراعلیٰ نے تمام محکموں سے بریفنگ لینے کے سلسلے کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد محکمانہ امور سے آگاہی کے ساتھ ساتھ محکموں کو درپیش مسائل کے دیرپا حل کو بھی یقینی بنانا ہے .

.

.

متعلقہ خبریں