پنجاب

جعلی انجیکشن سے بینائی متاثرین کا مفت علاج ہو گا: نگراں وزیرِ صحت پنجاب


لاہور (قدرت روزنامہ)پنجاب کے نگراں صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا ہے کہ انجیکشن لگنے سے جن کی بینائی متاثر ہوئی ہے ان کا مفت علاج کیا جائے گا۔ڈاکٹر جمال ناصر نے ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایمرجنسی انجیکشن نہیں ہے، یہ ملٹی نیشنل کمپنی کا بنایا ہوا ہے، جس پر پابندی لگائی گئی ہے۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا ہے کہ یہ انجیکشن ڈریپ سے رجسٹرڈ ہے جو کینسر کے لیے استعمال ہوتا ہے، ریسرچ کے مطابق شوگر کے مریض کو یہ انجیکشن کم مقدار میں لگایا جائے تو اس کی بینائی جانے سے بچ جاتی ہے۔انہوں نے انجیکشن سے متعلق معلومات شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ 28 ہزار کا انجیکشن ہے اس سے 70 سے 80 وائلیں بنتی ہیں، انجیکشن کا ایک وائل 1200 سے 1500 میں بیچا جاتا ہے جس سے ان کو 1 لاکھ روپے تک بچتے ہیں، جس کمپنی کا یہ انجیکشن ہے وہ رجسٹرڈ ہے۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا کہ ملتان، رحیم یار خان، صادق آباد، جھنگ، لاہور، فیصل آباد میں کیسز سامنے آئے ہیں، تحقیقات ہو رہی ہیں کہ کیا انجیکشن کی پیکنگ میں کوئی مسئلہ تھا یا لاٹ خراب تھی۔ان کا کہنا ہے کہ اس انجیکشن کو 2 سے 8 درجۂ حرارت تک رکھنا پڑتا ہے، جیسے ہی اسے کو کھولا جاتا ہے، 6 گھنٹے میں استعمال کرنا ہوتا ہے۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ جائزہ لیا جا رہا ہے اس انجیکشن کی دوسرے شہر منتقلی کے دوران درجۂ حرارت کا خیال رکھا گیا یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ انجیکشن کو ڈرگ ٹیسٹنگ لیب بھجوا دیا گیا ہے، رپورٹ آنے میں ہفتہ دس دن لگیں گے، کمیٹی کی حتمی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ذمے داروں کے خلاف کارروائی ہو گی، بیچنے والا، لگانے والا، ڈسٹری بیوٹر یا کمپنی جو ذمے دار ہوگا سب کا احتساب ہو گا۔صوبائی نگراں وزیر ڈاکٹر جمال ناصر کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ انسانی جان سے کھیلنے کے مترادف ہے کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
’’نشتر اسپتال میں بینائی متاثر کرنے والے انجیکشن موجود نہیں‘‘
دوسری جانب نشتر میڈیکل کالج ملتان کے پرنسپل ڈاکٹر راشد قمر کے مطابق نشتر اسپتال میں اب تک جھنگ سے 3 متاثرہ مریض رپورٹ ہوئے ہیں، ان مریضوں کی بینائی مکمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ایک بیان میں ڈاکٹر راشد قمر نے کہا ہے کہ نشتر اسپتال میں بینائی متاثر کرنے والے انجیکشن موجود ہی نہیں، نشتر اسپتال میں اب تک کسی مریض کو یہ انجیکشن نہیں لگایا گیا۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بینائی واپس لوٹنا مشکل ہے، بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، تینوں مریضوں کو ڈی ایچ کیو جھنگ میں انجیکشن لگائے گئے۔