کراچی؛ جہانگیر، جمشید، کلے ٹن اور مارٹن کوارٹرز کی جگہ اپارٹمنٹس کی تعمیر کا فیصلہ
کراچی(قدرت روزنامہ) نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے جہانگیر ، جمشید، کلے ٹن اور مارٹن کوارٹرز کی جگہ پر نئے اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔پُرانے کوارٹرز کی جگہ اربن ری جنریشن پلان کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کی زیرصدارت اجلاس ہوا ، جس میں پرنسپل سیکرٹری حسن نقوی ، چیئرمین پی اینڈ ڈی شکیل مگنیجو اور سیکرٹری فنانس کاظم جتوئی نے شرکت کی ۔ اجلاس میں جہانگیر ، جمشید، کلے ٹن اور مارٹن کوارٹرز کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفگ دی گئی ۔
نگراں وزیراعلیٰ نے پرانے کوارٹرز کی جگہ اربن ری جنریشن منصوبے کی منظوری دیدی۔ عالمی بینک نے کوارٹرز کی جگہ اپارٹمنٹس بنانے کی فزیبلٹی پر کام کا آغاز کردیا ہے ۔ نگراں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ محکمہ پی اینڈ ڈی اور عالمی بینک مشترکہ طورپر اربن ری جنریشن پلان کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ ان کوارٹرز کی جگہ نئے اپارٹمنٹس ، شاپنگ مالز ، دفاتر ، پارکس ، لائبریریز، تعلیمی و صحت کی بہترین سہولیات قائم کی جائیں گی۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جن مکینوں کو ریہبلیٹیٹ کرنا پڑا تو حکومت ان کی بھرپور مدد کرے گی۔ ان پرانے کوارٹرز کی جگہ نئے رہائشی منصوبے کی تعمیر سے پورے علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔ نیا رہائشی منصوبہ جدید سہولیات سے آراستہ ہونے سے شہر کی خوبصورتی بڑھے گی۔