بلوچستان

مستونگ دھماکے میں شہدا کی تعداد 53 ہوگئی، بلوچستان میں 3 روزہ سوگ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)مستونگ میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، جس کے بعد شہدا کی تعداد 53 ہو گئی جب کہ صوبے میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ترجمان سول اسپتال کے مطابق مستونگ دھماکے کا زخمی ٹراما سینٹر کے آئی سی یو میں زیر علاج تھا، جو کہ آج جانبر نہ ہو سکا۔ اس طرح دھماکے میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 53 ہو گئی ہے۔
دھماکے کے 7 شدید زخمی اب بھی انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ 3 شدید زخمیوں سمیت 18 زخمی سی ایم ایچ منتقل کیے گئے ہیں۔ دھماکے کے 17 زخمی غوث بخش میموریل اسپتال مستونگ میں زیر علاج ہیں جب کہ 25 زخمیوں کو ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق مستونگ دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے، جس میں قتل ، اقدام قتل، دہشت گردی اور ایکسپلوسیو ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
دریں اثنا سانحہ مستونگ پر بلوچستان حکومت نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں ہے۔

متعلقہ خبریں