نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخ کر کے جانے کے فیصلے پر انضمام الحق بھی برس پڑے ، سنجیدہ سوالات اٹھا دیئے

لاہور (قدرت روزنامہ) سابق کپتان انضمام الحق نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے . تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی جانب سے گزشتہ روز پہلے ون ڈے میچ سے چند لمحے قبل یکطرفہ طور پر دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا جس نے پاکستان کرکٹ کو شدید نقصان پہنچایا .

اس معاملے پر انضمام الحق بھی میدان میں آ گئے ہیں اور انہوں نے کہا کہ ہے کہ کوئی بھی ملک کسی دوسرے ملک کے ساتھ ایسا نہیں کرتا جس طرح نیوزی لینڈ نے پاکستان کیساتھ کیا ہے ،وہ ہمارے مہمان تھے اور اگر انہیں کوئی تحفظات تھے تو وہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات کرتے ،پاکستان نیوزی لینڈ کو بہترین سیکیورٹی فراہم کر رہا تھا ،2009 میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد ہم تمام ٹیمز کو وہ سیکیورٹی دے رہے ہیں جو کسی ملک کے صدر کو دورے کے موقع پر دی جاتی ہے . انضمام الحق نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی بھی اپیل کی ہے . ان کا کہناتھا کہ آئی سی سی کو اس میں لازمی مداخلت کرنی چاہیے ، اگر نیوزی لینڈ کے پاس سیکیورٹی خدشات سے متعلق کچھ ہے تو وہ اسے دکھا کیوں نہیں رہا ہے ،اگر آپ پی سی بی کو نہیں دکھانا چاہتے تو کم از کم آئی سی سی کو دکھا دیں . انضمام کا کہناتھا کہ یہاں تک کہ ہمارے وزیراعظم نے بھی ان سے بات کی اور یقین دہانیاں کروائیں . ان کا کہناتھا کہ ا گر نیوزی لینڈ نے پاکستان کو اپنے تحفظات بتائے ہوتے تو لازمی طورپر پاکستان کی ایجنسیوں نے معاملے کو دیکھنا تھا ، لیکن میچ سے چند لمحے قبل انہوں نے کہا کہ ہم تھریٹ الرٹ کی وجہ سے کھیل نہیں سکتے، چلیں کم از کم ہمیں یہی بتا دیں کہ آپ کا مسئلہ کیا ہے ، مجھے یہ سب کچھ ہضم نہیں ہو رہا . . .

متعلقہ خبریں