بلوچستان

کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے محکمہ کو ہر طرح کی کرپشن اور بے ضابطگی سے پاک کریں گے‘امجد رشید


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نگران صوبائی وزیر ریونیو و خزانہ امجد رشید نے کہا ہے کہ محکمہ ریونیو میں اصلاحات کا فیصلہ کیا ہے کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے محکمہ کو ہر طرح کی کرپشن اور بے ضابطگی سے پاک کریں گے کمشنر کوئٹہ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ہڑتالی ملازمین کے خلاف کارروائی ضوابط اور قوانین کے عین مطابق ہے خلاف قانون امور اور کرپشن میں ملوث افراد سے کوئی رعایت روا نہیں رکھی جائے گی
اپنے جاری ایک بیان میں نگران صوبائی وزیر ریونیو و خزانہ امجد رشید نے کہا کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے چند اہلکاروں کی جانب سے ہڑتال سمجھ سے بالا ہے کوئی بھی ملازم غلط کرے گا تو اس کا محاسبہ کریں گے کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے اور نہ ہی اب ماضی والی کوئی گڑ بڑ چلے گئی عوام کو روز مرہ ریونیو امور میں آسانیاں دینا چاہتے ہیں اور اس میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی
انہوں نے کہا کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں شفافیت لا کر عوام کو مشکلات سے چھٹکارا دلانا چاہتے ہیں محکمہ ریونیو میں اب کسی کی کوئی من مانی نہیں چلے گی بلکہ ہر کام ضابطہ اور قانون کے مطابق ہی ہوگا انہوں نے کہا کہ کہ اپیکس کمیٹی میں بھی لینڈ ریفارمز اور قبضہ گیروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے خلاف قانون کاموں میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی ہوگی اور کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو کوئی رعایت نہیں ہوگی

متعلقہ خبریں