الیکشنز اور فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے کیس مقرر ہونے والے ہیں، چیف جسٹس
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سپریم کورٹ میں بڑے کیسز کی سماعت کرنے کا فیصلہ ہوگیا، چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے عام انتخابات اور فوجی عدالتوں کے کیس مقرر کرنے کا عندیہ دیدیا۔پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون پر فیصلہ نہ ہونے کی وجہ سے اب تک اہم مقدمات کی سماعت نہیں ہو رہی تھی.
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پاک عرب ریفائنری ملازمین کیس پر سماعت کی. دوران سماعت ملازمین کے وکیل نے استدعا کی کہ پاک عرب ریفائنری ملازمین کا کیس 15 دن کے بعد مقرر کر دیں.
التوا کی استدعا پر چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں عام انتخابات اور سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے کیس مقرر ہونے والے ہیں،سپریم کورٹ میں مشکل مقدمات آنے والے ہیں جس کے دوران دیگر کیسز سننا مشکل ہو گا،اس کیس کو دو ماہ بعد مقرر کریں گے. سپریم کورٹ نے پاک عرب ریفائنری کے کیس کو دو ماہ کے لیے ملتوی کر دیا.