باب دوستی سے نئی شرائط پر آمدورفت کیخلاف کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ پر مظاہرہ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ) باب دوستی سے نئی شرائط کے تحت دو طرفہ آمد و رفت کے خلاف کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ پر مظاہرہ کیا گیا ہے۔دھرنے سے کوئٹہ چمن شاہراہ کا ایک ٹریک بند ہے جبکہ تجارتی سامان کی سنگل ٹریک سے آمد و رفت جاری ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ نئی شرائط کے تحت مختصر دورانیے پر روزانہ آنے جانے والے پاکستانی اور افغان باشندوں کو سخت مشکلات ہیں۔مظاہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اُنہیں نئی شرائط کے تحت بائیو میٹرک کے بجائے صرف پاسپورٹ کے اندراج پر آنے اور جانے کی اجازت قبول نہیں۔
دھرنے کے رہنما کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دونوں طرف سے روزانہ 10ہزار سے 15ہزار تاجر، محنت کش اور ڈرائیورز اسپین بولدک اور چمن آتے جاتے ہیں۔
لیویز حکّام کے مطابق کمپیوٹرازڈ افغان شناختی دستاویز نہ رکھنے والے اسپین بولدک کے شہریوں کا پاکستان میں داخلہ بند ہے۔لیویز حکّام نے بتایا کہ افغان حکومت کی انتظامیہ نے پاکستانی قومی شناختی کارڈ رکھنے والے چمن کے شہریوں کا بھی افغانستان میں داخلہ بند کردیا ہے۔