بلوچستان سے اسمگلنگ کی روک تھام اور غیر قانونی مہاجرین کی واپسی کیلئے اقدمات تیز کیے جائیں، چیف سیکرٹری

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبے میں تیل اسمگلنگ کی روک تھام، تعلیم اور صحت کی شعبوں میں بہترین سہولیات کی فراہمی، پرائس کنٹرول کمےٹی، غیر قانونی مہاجرین کی واپسی اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں مختلف متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا . اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز ڈاکٹر محمد اکبر حریفال، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ذاہد سلیم، سینئیر ممبر بورڈ آف ریونیو حافظ محمد طاہر، سیکرٹری صحت اسفندیار خان کاکڑ، سیکرٹری قانون کلیم اللہ بابر، کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات، ڈائریکٹر جنرل لیویز نصیب اللہ کاکڑ جبکہ دیگر کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی .

چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز الیکشن کمیشن کی جانب سے دیئے گئے ہدایات پر عمل درآمد کرے اور تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں پولنگ اسٹیشنز کی تعمیر و مرمت مکمل کریں . چیف سیکرٹری نے کہا کہ تمام آفیسران اپنے متعلقہ اداروں میں سروس ڈیلیوری کی بہتری کے لئے اقدامات تیز کرے کیونکہ آفیسران عوام کی خدمت کے لیے ہی ہیں اور عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے . انہوں نے کہا کہ معاشرے کی بہتری کیلئے صحت کی سہولیات کی فراہمی اور معیاری تعلیم ضروری ہے . صوبائی حکومت دونوں شعبوں میں بہتری کے لیے اقدامات کررہی ہے . انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز متعلقہ اضلاع میں ہسپتالوں، بنیادی مرکز صحت اور تعلیمی اداروں کا دورہ کریں اور غیر حاضر عملے کی حاضری کو یقینی بنائیں اور ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے . انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ملک چھوڑنے کے لیے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی ہے . افغان اور دیگر غیر ملکی باشندوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی جن کے پاس کسی قسم کے کوئی دستاویزات نہیں ہیں . انہوں نے کہا کہ صوبے میں تیل، چینی کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں . اس سلسلے میں پچھلے ایک ماہ سے بہتری آئی ہے اور اسے مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے . اسمگلنگ کی روک تھام سے ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے . چیف سیکرٹری کی تمام ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ ڈیلرز کو این او سی فراہم کرنے کی ہدایت کی . انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے علاقے میں بجلی کی فراہمی پر مامور کمپنیوں کے سربراہان کے تعاون سے بجلی چوروں کے خلاف فوری آپریشن شروع کریں تاکہ بجلی چوری کی روک تھام ممکن ہوسکے . انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فوائد کو عام آدمی تک پہنچانے کیلئے اقدامات کو تیز کرنے اور ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی . چیف سیکرٹری نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز مقررہ وقت میں پراگریس رپورٹ پیش کریں .

. .

متعلقہ خبریں