نگراں صوبائی حکومت ملازمتوں کی فروخت میں ملوث ذمے داروں کیخلاف کارروائی کرے، ڈاکٹر مالک
تربت(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے واجہ انور یارمحمد کی ساتھوں سمیت پارٹی میں شمولیت کے موقع پر سیاسی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کھاکہ وقت آگیا ہے کہ بلوچستان کے باشعور سیاسی کارکن بلوچستان کے قومی و سیاسی فکر و فلسفے پر متحد ہوکر پرامن بلوچستان کے لیے اپنا سیاسی اور وطنی کردار ادا کرتے ہوئے بلوچستان سے کرپشن مافیا، لینڈ مافیا اور ٹوکن مافیا کا راستہ روکیں۔ انھوں نے کھاکہ گزشتہ پانچ سال ایک مخصوص سوچ وفکر رکھنے والے ٹولے کو اقتدار دیا گیا جس نے بلوچستان کے سیاسی اور درگز کرنے والے سیاسی سوچ و فکر کو دیوار سے لگا کر بلوچستان کے وسائل و ساحل کو برائے فروخت کر کے رکھ دیا جھنوں نے وسائل کا سودا کیا اور کرپشن کے رکارڈ بنائے۔ تربت سٹی کے ترقیاتی فنڈز کو بے دردی سے لوٹا گیا من پسند محکموں کو پرجیکٹ دیے گئے اور تمام ٹھیکے اپنے من پسند افراد دیئے گئے بلوچستان میں پہلی بار سرعام ملازمتوں پر لوگوں سے پیسے وصول کئے گئے میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں اقربا پروری اور خاندان نوازی کے رکارڈ بنائے گئے تمام پروجیکٹ تاحال نامکمل ہیں لیکن فنڈز تمام خرد برد کردیے گئے ہیں۔ نگراں حکومت کو چائیے کہ وہ ملازمتوں کی خرید و فروخت اور میرٹ اور ضابطوں کے خلاف ہونے والے سلیکشن کمیٹیوں اور ان کے زمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لاکر بلوچستان کے عوام کو انصاف مہیا کریں۔ انھوں نے کھاکہ نیشنل پارٹی اقتدار میں آکر تمام کرپشن اور سرکاری اراضیات پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کاروائی کرے گئی۔