اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پی ٹی آئی نے ہر ہفتے بیٹوں سے بات کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا .
سابق وزیراعظم کی جانب سےآفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں شیراز احمد رانجھا ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے 21 اکتوبر کو چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے کا حکم دیا، جس پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے واٹس ایپ پر چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرائی .
تاہم گزشتہ ہفتےکی طرح آج چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات نہیں کرائی جا رہی .
نئی درخواست میں عمران خان کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ہر ہفتہ کے روز چیئرمین پی ٹی آئی کی واٹس ایپ پر بیٹوں سے بات کرانے کا حکم دے .
درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا اپنے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان سے بات کرنا حق ہے لہٰذا ہرہفتے کے روز چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے کا حکم دیا جائے .
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے درخواست عدالتی عملے کوجمع کرا دی تاہم جج ابوالحسنات کی عدم دستیابی کے باعث درخواست پر کارروائی نہ ہو سکی .