ملک بھر میں بجلی مہنگی ہونے کا امکان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
ڈسکوز نے صارفین پر 22 ارب 56 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ منتقل کرنے کی درخواست کر رکھی ہے۔
جولائی تا ستمبر کی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہو گا۔
نیپرا نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے لیے نظرِ ثانی نوٹس جاری کر دیا ہے جس کے مطابق حکومتی گائیڈ لائنز کے تحت جولائی تا ستمبر کی ایڈجسٹمنٹ کا یکساں ٹیرف رکھا جائے گا۔
نیپرا کے مطابق جولائی تا ستمبر 2023ء کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست نیپرا میں دائر کی گئی ہے۔
نیپرا پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست کے حوالے سے 14 نومبر کو سماعت کرے گا۔
کمپنیوں نے کپیسٹی چارجز کی مد میں 12 ارب 12 کروڑ 60 لاکھ روپے وصولی کی اجازت مانگی ہے جبکہ یوز آف سسٹم چارجز کے تحت 10 ارب 24 کروڑ 70 لاکھ روپے وصولی کی درخواست کی گئی ہے۔
آپریشن اینڈ مینٹیننس کی مد میں 4 ارب61 کروڑ 70 لاکھ اور نقصانات کی مد میں 6 ارب61 کروڑ 70 لاکھ روپے وصول کرنے کی درخواست ہے۔