اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نگراں خیبرپختونخوا کابینہ کی تشکیل مکمل کرلی گئی ہے اور گورنر کے پی حاجی غلام علی نے کابینہ میں شامل 10 وزرا کے ناموں کی سمری پر دستخط کردیئے ہیں .
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعد گزشتہ روز جسٹس (ر) ارشد حسین نے بطور نگران وزیراعلی کے پی حلف اٹھایا تھا، اوراب نگراں خیبرپختونخوا کابینہ کی تشکیل بھی مکمل کرلی گئی ہے .
گورنر خیبرپختونخوا نے نگراں کابینہ کی سمری پر دستخط کر دئیے ہیں، جس کے تحت خیبر پختونخواکی نگراں کابینہ میں 10 وزراء شامل کئے گئے ہیں .
نئی کابینہ میں سید مسعود شاہ، ارشاد قیصر، آصف رفیق، نجیب اللہ، سید عامرعبداللہ، فیروز جمال شاہ، احمد رسول بنگش، محمد قاسم خان، عامر ندیم اور احمد جان شامل ہیں . نگران صوبائی وزراء آج اپنےعہدوں کا حلف اٹھائیں گے .
اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ نئی نگراں صوبائی کابینہ میں گزشتہ کابینہ کے بیشتر وزراء کو ایک بار پھر شامل کیا گیا ہے اور ان کے قلمدانوں میں بھی ردوبدل نہیں کی گئی ہے، تاہم صوبائی کابینہ میں نئے وزراء بھی لئے جانے کا امکان ہے .
ذرائع نے بتایا کہ نئے وزراء کے ناموں پر مشاورت جاری ہے، گورنر حاجی غلام علی کے پی نگراں وزراء سے ایک بار پھر ان کےعہدوں کا حلف لیں گے، اور حلف برداری کی تقریب آج سہ پہر 3 بجے ہوگی .
خیال رہے کہ 11 نومبر کو خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان 90 سال کی عمر میں انتقال گرگئے تھے، جس کے بعد ان کی کابینہ بھی خود کار طریقے سے تحلیل ہوگئی تھی .