گور نر پنجاب کاافغان عوام کیلئے 100ملین روپے کی لاگت سے کھانے پینے کی اشیا ء بجھوانے کا اعلان

لاہور(قدرت روزنامہ) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے گروپ فر ینڈ ز آف لاہور سمیت دیگر فلاحی تنظیموں کے تعاون سے افغان عوام کیلئے 100ملین روپے کی لاگت سے کھانے پینے کی اشیا اور دیگرسامان بجھوانے کا اعلان کر دیا جبکہ 100افغانی طلبا کو پاکستان میں اعلی تعلیم کیلئے یو ایم ٹی لاہور میں سکالر شپ او ر افغان ڈاکٹرز کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے ذریعے کورونا اور دیگر شعبوں میں آن لائن ٹریننگ بھی دی جائے گی . تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے بدھ کے روز گور نر ہائوس لاہور میں بیت السلام کے مولانا عبد الستار ،یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم،گروپ فر ینڈ ز آف لاہور کے میاں احسن،انواراے خان،ابراہیم مراداورایس ایم پرویزسمیت دیگر کے ہمراہ پر یس کانفر نس سے خطاب کر رہے تھے .

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پریس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ اس وقت افغانستان کی عوام کو کھانے پینے کی اشیا کے ساتھ صحت کے شعبے میں بہت سی مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ان حالات میں پوری دنیا کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاترہوکر افغان عوام کو بنیادی سہولتوں کی فر اہمی کے لیے اقدامات کر ے اور زیادہ سے زیادہ افغان عوام کی مدد کی جا ئے . انہوں نے کہا کہ ہم بزنس کیمونٹی کے مخیر حضرات کے گروپ فر ینڈ ز آف لاہور کے تعاون سے پہلے مر حلے میں100ملین روپے کی لاگت سے امدادی سامان افغانستان بجھوارہے ہیں اور ہم پاکستان کے تمام مخیر حضرات سے یہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ بیت السلام کے اکائونٹس میں زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کروائیں تاکہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں افغان عوام کیساتھ کھڑے ہوسکیں . چوہدری محمدسرور نے کہا کہ افغانستان میں امن سے صرف پاکستان اور اس خطے کو ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کو فائدہ ہوگا . انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے افغانستان میں معیشت کی مضبوطی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فر اہمی ضروری ہے . انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افغانستان کے حوالے سے پالیسی واضح ہے کہ ہم وہاں پراپنی مر ضی کی حکومت چاہتے ہیں اور نہ ہی ہم افغانستان کے ذاتی معاملات میں کوئی مداخلت کر یں گے . انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف اور صرف انسانیت کی خدمات ہیں جس کے لیے پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پہلے دن سے اپنا کردار ادا کر رہا ہے . ایک سوال کے جواب میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اگر افغانستان میں کوئی ایک شخص نفرت انگیز حرکت کر تا ہے تو اس کا ذمہ دار پورے افغانستان کو قرارنہیں دیا جاسکتا . انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ موجود ہیں جو پاکستان اور افغانستان کے درمیان پر امن اور مستحکم تعلقات کے مخالف ہیں مگر ہم نے اپنے عمل کے ذریعے ایسے لوگوں کو ناکام بنانا ہے اور اپنے افغان بہن بھائیو ں کیساتھ کھڑا ہو نا ہے . چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ہم فلاحی تنظیموں پاک افغان بردار ہوڈ،سرور فائونڈیشن ،یو ایم ٹی لاہور،یونیورسٹی آف لاہور،قر شی فائونڈیشن ،غنی گروپ اوروائٹل گروپ کے تعاون سے افغان عوام کی مدد کر رہے ہیں . انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جس جذبے کے ساتھ مخیر حضرات ہر مشکل وقت میں متحد ہوکر انسانیت کی خدمت کے لیے کام کرتے ہیں دنیا میں اسکی کوئی اور مثال نہیںملتی . انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام پر جب اسرائیل نے مظالم کی انتہا کی تو سب سے پہلے پاکستان کے مخیر حضرات کے تعاون سے ہم نے فلسطینی عوام کیلئے صحت سمیت دیگر شعبوں میں بھر پور مدد کی اور اب افغان عوام کو بھی مشکل کی اس گھڑی میں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے انکی بھر پور مدد جاری رکھی جائے گی . اس موقع پر فلاحی تنظیم بیت السلام کے مولانا عبد الستارنے بتایا کہ ہم نے کورونا کے دوران بھی گور نر پنجاب کی قیادت میں انسانیت کی خدمت کیلئے کام کیا ہے اور آج ہم افغانستان کے عوام کے لیے بھی راشن سمیت دیگر امداد کی فراہمی کے لیے کام شروع کر رہے ہیں اور انشااللہ ہم بغیر کسی سیاسی مقصد کے انسانیت کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے . وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے بتایا کہ گور نر پنجاب و یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے چانسلر چوہدری محمدسرورکی خصوصی ہدایت کے بعد ہم نے افغان ڈاکٹرز کی ٹر یننگ اورٹیلی میڈیسن ہیلپ لائن سمیت دیگر طر یقوں سے صحت کے شعبے میں بھر پور مدد شروع کردی ہے اور بہت جلد ہم گور نر پنجاب کی قیادت میں افغانستان کا بھی دورہ کر یں گے . . .

متعلقہ خبریں