لاہور (قدرت روزنامہ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ بھارتی عدالت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی دھجیاں اڑانے کا اختیار نہیں، کشمیر کاز ہمارے خون میں ہے، اس فیصلے کو نہیں مانتے .
نجی ٹی وی کے مطابق (ن) لیگی رہنما عطاء تارڑ نے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، نوازشریف نے پیلٹ گنز کا معاملہ پوری دنیا میں اٹھایا، اقوام متحدہ میں برہان وانی کا نام لیا .
واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی سے متعلق یک طرفہ فیصلہ سناتے ہوئے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا 5اگست 2019ءکا فیصلہ برقرار رکھا، عدالت نے جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت بحالی کی درخواستیں مسترد کر دیں . بھارتی سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ مرکز کو جموں و کشمیر ریاست کی تائید کی ضرورت نہیں، آرٹیکل 370 کی منسوخی کا حکومتی فیصلہ بدنیتی پر مبنی نہیں تھا، بھارتی سپریم کورٹ نے اکثریتی فیصلہ میں کہا ہے کہ جموں وکشمیر کی خصوصی ختم کرنے کا بھارتی صدر کا حکم آئینی طور پر درست ہے .