نگران حکومت لوگوں کو بیروزگار کرنے پر تلی ہوئی ہے، میر قدوس بزنجو
حب(قدرت روزنامہ) نگران حکومت کا کام الیکشن کرانا ہے لیکن نگراں حکومت لوگوں کو بے روزگار کرنے پر تلی ہوئی ہے باڈر ٹریڈ سے بلوچستان کے ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے جسے بند کرکے نگراں حکومت نے لوگوں کے حقوق پر شب خون مارا ہے نگراں وزیراعظم کو زمینی حقائق کا کچھ پتہ نہیں جو مشیر بتاتے ہیں وہ بول دیتا ہے میرے دور حکومت میں تمام چیک پوسٹوں کو ختم کیا گیا تھا تو اربوں روپے کس نے لئے مجھے آواران میں الیکشن مہم چلانے کاطعنہ دینے والے اپنی نیشنل اسمبلی کی نشست کے لئے آواران جاکر الیکشن مہم چلائیں۔
ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعلی بلوچستان میر قدوس بزنجو نے حب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا این اے 257 کے امیدوار میر وہاب بزنجو،مرکزی صدر بزنجو کاروان یوتھ میر اورنگزیب بزنجو، چیئرمین گورگین بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے انہوں نے کہا کہ میں نے بلوچستان بھر میں تمام چیک پوسٹیں ختم کرکے غریب لوگوں کے لئے روزگار کے دروازے کھول دئیے تھے لیکن نگراں حکومت جسکا کام الیکشن کرانا ہے باڈر کاروبار سے وابستہ لوگوں کے روزگار پر قدغن مارا ہے اور تمام چیک پوسٹیں بحال کرکے غریب لوگوں کو تنگ کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ لسبیلہ حب میرا دوسرا گھر ہے آواران کے لوگ یہاں رہائش پزیر ہیں اس لیے یہاں الیکشن مہم چلارہے ہیں مجھے آواران میں الیکشن مہم چلانے کا طعنہ دینے والے اپنی قومی اسمبلی کی نشست کے لئے آواران جا کر الیکشن مہم تو چلائیں
ایک سوال کے جواب میں میر قدوس بزنجو نے کہا کہ اب تک کسی سے الیکشن اتحاد نہیں ہوا ہے تاہم پارٹی جو فیصلہ کرے گی تو اسی طرح سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرینگے انہوں نے کہا کہ باپ پارٹی بلوچستان کے فیصلے بلوچستان میں کرنے کے لئے بنائی تھی لیکن دوستوں نے وفا نہیں کی جسکی وجہ سے ہم نے ملکی سطح کی پارٹی میں جانے کا فیصلہ کیا پیپلز پارٹی میرے دادا میر عبدالکریم شہید کی پارٹی ہے اس لئے میں پیپلز پارٹی میں شامل ہوا انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعظم ایرانی ڈیزل کے کاروبار سے اربوں روپے وصولی کا جو الزام لگاتے ہیں اس میں کوئی صداقت نہیں میرے دور میں تمام چیک پوسٹیں کلوز تھیں تو اربوں روپے کس نے وصول کئے۔