پنجاب

پاک ایران کشیدگی، گیس مافیا کا ایل پی جی کی قیمت میں پھر اضافہ


لاہور(قدرت روزنامہ) پاک ایران کشیدگی کو جواز بنا کر گیس مافیا نے ایل پی جی کی قیمت میں پھر اضافہ کر دیا۔ایل پی جی کی قیمت میں فی کلو 10 روپے کا مزید اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد گھریلوں سیلنڈر کی قیمت میں 120 اور کمرشل سلینڈر میں 450 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
ایل پی جی کی رواں ماہ کے لیے سرکاری قیمت 256 روپے مقرر ہے لیکن مافیا ایل پی جی 256 روپے کے بجائے 320 سے لیکر 330 روپے فی کلو فروخت کر رہا ہے۔ ایل پی جی مہنگی فروخت کرنے والوں کے خلاف اوگرا اور نہ ہی نگراں حکومت نے کوئی کارروائی کی ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ سوئی گیس آتی نہیں، بچوں نے اسکول اور کالج جانا ہے ناشتہ کیسے بنائیں، کھانے پکانے کے لیے مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ سارے لوگ ہم پر الزام لگاتے ہیں کہ مہنگی ایل پی جی فروخت کر رہے ہیں لیکن ایل پی جی مافیا اور ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کو کوئی کچھ نہیں کہتا۔ 300 روپے سے لیکر 310 میں ایل پی جی خرید کر کیسے 280 یا 290 روپے میں فروخت کریں، اوگرا اور پولیس ہمیں پکڑ لیتی ہے جو کمپنیاں مہنگی ایل پی جی فروخت کر رہی ہیں روزانہ کروڑوں روپے کماتے ہیں ان کے خلاف کون کارروائی کرے گا۔

متعلقہ خبریں