طلباء و طالبات کے پرامن احتجاج پرپولیس کی لاٹھی چارج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ دینے والے طلباء وطالبات کے پر امن احتجاج پر پولیس کی جانب سے ایک بار پھر سے لاٹھی چارج،تشدد و گرفتاریوں پر سلیکٹڈ حکومت اور پولیس کے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس قسم کے علم دشمن، تعلیم دشمن اور طلباء وطالبات پر بہیمانہ تشدد وگرفتاریوں کی مثالیں آمریت کے دور میں بھی نہیں ملتی تھی . بیان میں کہا گیا ہے کہ نااہل ناکام صوبائی حکومت اپنے اقتدار کے جانے کے خوف سے ہر قسم کے احتجاج سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے مسلط حکومت نے طلباء وطالبات کے جائزمطالبات کو حل کرنے کی بجائے انہیں کم عمر میں درجنوں کے حساب سے ایک ہی حوالات میں بند کرکے رکھ دیا ہے جہاں انہیں نہ کرونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی نظر آئی اور نہ ہی ان طلباء کے مستقبل کا خیال رہا .

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC)کی جانب سے پہلے ایک ہی دن میں تمام صوبوں میں ہزاروں طلباء وطالبات کا ٹیسٹ لیا جاتا اور پھراُسی دن باقاعدہ رزلٹ کا اعلان کردیا جاتا تھا لیکن PMCکی جانب سے میڈیکل انٹری ٹیسٹ کیلئے تقریباًایک مہینہ ٹیسٹ کیلئے مقرر کیا گیا ہے اور مسلسل طلباء وطالبات کے گروپس بنا کر ٹیسٹ لیئے جارہے ہیں جبکہ رزلٹ کا اعلان اُس وقت کیا جائیگا جب ٹیسٹ کے دن ختم ہونگے یعنی تمام طلباء وطالبات کے ٹیسٹ مکمل ہوجائینگے . اور دوسری طرف انٹری ٹیسٹ کے سوالات وجوابات Question & Answer Keysمیں بھی بڑی تعداد میں ٹیکلنیکل غلطیاں دوہرائی گئی ہے جس کو لیکر طلباء وطالبات میں سخت تشویش پائی جاتی ہے . اس سلسلے میں 8ستمبر کو بھی طلباء وطالبات نے PMCکے ٹیسٹ طریقہ کار کے خلاف احتجاج کیا کہ انٹری ٹیسٹ کیلئے ایک ہی دن مقرر کیا جائے جیسا کہ ماضی میں PMDCکی جانب سے ایک ہی دن میں ہزاروں طلباء وطالبات کے ٹیسٹ لیکر اُسی دن رزلٹ کا اعلان کردیا جاتا تھا . PMCبھی حالیہ تمام ٹیسٹوں کو منسوخ کرکے PMDCکے طرز پر ایک ہی دن میں طلباء وطالبات کا ٹیسٹ از سر نو لیں . لیکن طلباء وطالبات کے احتجاج کے دوران سلیکٹڈ حکومت کی ایماء پر پولیس کی جانب سے طلباء وطالبات پر لاٹھی چارج کرکے ان پر تشدد اور انہیں زخمی کیا گیا اور گرفتار کیا گیا . اور بعد ازاں انہیں رہا کرکے ان کے مطالبات ماننے کی یقین دہانی کرائی گئی لیکن PMCکا ٹیسٹ کا طریقہ کار نہ بدلا اور نہ ہی لیئے گئے ٹیسٹ کو منسوخ کرکے از سر نو ایک ہی دن میں دوبارہ ٹیسٹ لیا گیا جس کے خلاف گزشتہ روز ایک بار پھر طلباء وطالبات نے احتجاج کیا جس پر معصوم طلباء وطالبات پر بہیمانہ تشدد کیا گیا اور انہیں درجنوں کے حساب سے گرفتار کرکے ان کے خلاف غیر آئینی غیر قانونی ایف آئی آر درج کیا گیا ہے . بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے دیگر صوبوں میں بھی پاکستان میڈیکل کمیشن کے ٹیسٹ کے طریقہ کار کے خلاف طلباء وطالبات سراپا احتجاج ہے لیکن وہاں کسی بھی طالب علم پر تشدد نہیں کیا گیا جبکہ اس وقت PMCکے قانون کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے کہ یہ آئین پاکستان 1973کے مختلف شقوں کیخلاف ہے بالخصوص اٹھارویں ترمیم جو صوبائی خودمختاری کے متعلق ہے . PMCنے خود اپنے مجوزہ قانون 2020کی شق نمبر 18کی خلاف ورزی کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ طلباء سے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کا امتحان ایک دن پر لیا جائیگا لیکن ایک مہینے سے زیادہ عرصہ ہوگیا ہے . بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام طلباء وطالبات پر درج غیر آئینی وغیر قانونی مقدمات کو فی الفور واپس لیا جائے اور انہیں رہا کرکے ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے اور PMCایک ہی دن میں صاف شفاف انداز میں تمام طلباء وطالبات کا میڈیکل انٹری ٹیسٹ لیکر میرٹ کو یقینی بنائیں . . .

متعلقہ خبریں