8 فروری، شوبز شخصیات بھی میدان میں آگئیں، عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان بھر میں جہاں 2024 کے عام انتخابات کی پولنگ زوروشور سے جاری ہے، وہیں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی میدان میں آگئی ہیں۔پاکستانی اداکاروں کی جانب سے الیکشن 2024 کے حوالے سے شہریوں کو ووٹ ڈالنے کی اپیل کی جارہی ہے۔ شوبز شخصیات کسے ووٹ دینے جارہے ہیں، اس حوالے سے ملے جلے تاثرات سامنے آئے ہیں۔
پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی مایاناز اداکارہ مایا علی نے اپنے ایک بیان میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا ووٹ دانشمندی سے استعمال کریں۔اداکارہ منشا پاشا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ووٹ دینا ہم سب کا حق ہے جو بھی ہو ہمیں گھروں سے نکل کر ووٹ دینا چاہیے۔ اداکارہ مریم نفیس کہتی ہیں کہ میں دعا کرتی ہوں جو بھی ہو پاکستان کیلئے اچھا ہو۔
دوسری طرف ہدایت کار ثاقب ملک کا موجودہ الیکشنز کے حوالے سے مؤقف ہے کہ کوئی بھی حکومت آجائے، سب کو دیکھ لیا ہے۔
دوسری طرف پاکستانی اداکارہ حنا خواجہ بیات کی طرف سے آج صبح گئے ووٹ ڈالنے کے بعد ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ’الحمدللہ، میں نے اپنا ووٹ ڈال دیا اور آپ سب سے بھی یہی کہوں گی کہ وقت ضائع کیے بغیر اپنا ووٹ ڈالیں’۔
اس موقع پر انہوں نے الیکشن کمیشن سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘8 بجے تک پولنگ کا آغاز نہیں کیا گیا تھا، ہم نے اپنا حق استعمال کرتے ہوئے پریذائیڈنگ آفیسر سے کہا کہ پولنگ کا آغاز کیا جائے، جب ہم سب نے ملکر زور دیا تو اُنہوں نے پولنگ کا آغاز کردیا۔’