شجاعت حسین کے گھر ہونے والے اجلاس میں پارٹی قائدین کی آپس میں کیا بات چیت ہوئی؟ اندرونی کہانی سامنے آ گئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ )گزشتہ شب حکومت سازی کیلئے بننے والے 'الائس ' نے ن لیگ کو وزارت عظمیٰ کا ووٹ دینے کا اعلان کر دیاہے لیکن اس سے قبل چوہدری شجاعت کے گھر ہونے والی ایک ہنگامی میٹنگ میں تمام سیاسی جماعتوں کے پارٹی قائدین کے درمیان ہونے والی گفتگو کی اندرونی کہانی بھی منظر عام پر آ گئی ہے .

نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر ملکی سیاسی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں آصف زرداری، شہباز شریف، خالد مقبول صدیقی اور صادق سنجرانی نے شرکت کی .

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی بیٹھک کے دوران شہباز شریف نے سیاسی رہنماؤں کو بتایا کہ پارٹی نے انہیں وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے . شہبازشریف نےکہا کہ اگر تمام قائدین ووٹ دینے کا یقین دلائیں تو آج اس کا باقاعدہ اعلان کر دیں گے،تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شہباز شریف کو حمایت کا یقین دلایا . وفاقی کابینہ میں شمولیت کے لیے حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کی کمیٹیاں فیصلہ کریں گی . پیپلزپارٹی کی قیادت کامؤقف ہے پہلے مرحلے میں پی پی وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بنےگی جبکہ دوسرے مرحلے میں پیپلزپارٹی کابینہ کا حصہ بن سکتی ہے .

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ مل بیٹھ کر حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے، چاہتے ہیں مصالحت کے عمل میں پی ٹی آئی بھی شامل ہو، ہماری نظریاتی مخالفت نہیں ہے . اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، مسلم لیگ (ق)، استحکام پاکستان پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی نے اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کردیا .

واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو ووٹ دیں گے لیکن وزارتیں نہیں لیں گے . بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے وزیراعظم کیلئے شہبازشریف کو نامزد کر دیا ہے .

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ نوازشریف نے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عہدے کیلئے شہبازشریف کو نامزد کر دیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ کیلئے مریم نوازشریف امیدوار ہوں گی .

. .

متعلقہ خبریں