سندھ

کراچی میں جمعے کو گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان


کراچی(قدرت روزنامہ) بلوچستان میں داخل ہونے والے مغربی ہواؤں کے سلسلے کے اثرات کے سبب جمعے کو کراچی میں گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے،بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی اورموسم قدرے سرد ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکی جاری پیش گوئی کے مطابق یکم مارچ سے کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے جبکہ یکم مارچ سے دیہی سندھ کے مختلف اضلاع جامشورو،ٹھٹھ، تھرپارکر، بدین،عمرکوٹ، میرپورخاص، حیدرآباد، ٹنڈوالہ یار،ٹنڈومحمد خان، نوشہروفیروز، شہید بے نظیرآباد میں بھی گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔
ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق مغربی ہواؤں کا بلوچستان پربرقرارسلسلہ شدت اختیارکرجائےگا جس کے سبب 29فروری سے2 مارچ کے درمیان قمبرشہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، شکارپور، کشمور، گھوٹکی اورسکھرمیں بارش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفرازکے مطابق یکم مارچ سے کراچی میں گرج چمک کےساتھ ہونے والی بارش کے دوران شہر کے کچھ مقامات پرموسلادھاربارشں ہونے کی بھی توقع ہے جبکہ بارش کے دوران معمول سےتیزہوائیں چل سکتی ہیں۔
سردارسرفرازکے مطابق بارش بلوچستان پرموجود مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے تحت ہوگی،جس کی شدت خلیج عمان اوربحیرہ عرب میں ملنے والی نمی کے سبب بڑھ جائےگی، دومختلف سمندروں سے ملنے والا یہ موئسچربارش کے ایک طاقتورسسٹم کی تشکیل کرسکتا ہے، سردار سرفراز کا مزید کہنا ہے کہ بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی اورخنکی میں اضافہ ہونے کی توقع ہے۔
غیرسرکاری ویدراسٹیشن پاک ویدرڈاٹ کام کے جوادمیمن کے مطابق مذکورہ مغربی سسٹم کے تحت کراچی میں بارش کے بھاری اسپیل ہوسکتے ہیں، جس کے دوران شہر کے کچھ حصوں میں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بدھ اور جمعرات کو کراچی میں زیادہ وقت دھوپ نکلے رہنے کی پیش گوئی کی ہے، منگل کو دن بھر شہرقائد بلوچستان کی تندوتیزہواؤں کی زد میں رہا اور اس وقت بھی تیز ہوائیں چل رہی ہیں، شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار45کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی جبکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں۔
کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 17ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گذشتہ روز کے مقابلے میں 2.8ڈگری کمی سے27.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

متعلقہ خبریں