’صدارتی انتخابات متنازع ہیں تاہم احتجاجاً ووٹ کاسٹ کریں گے‘
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفرنے کہا ہے کہ صدارتی انتخابات متنازع ہیں تاہم احتجاجاً ووٹ کاسٹ کریں گے، ہم نے جمہوری عمل کے تحت الیکشن میں حصہ لینا ہے، جب تک مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہیں ہوتا انتخابات متنازع تصور ہوں گے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ اور سندھ ہائیکورٹ میں کیس فائل ہے۔ پشاور ہائیکورٹ کے حکم امتناع کے باوجود مخصوص نشستوں پر حلف لینا افسوس ناک ہے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلوں کے باعث عام انتخابات اور اب صدارتی انتخاب متنازع ہوئے ہیں۔
کرپٹ عناصرِ کے بادشاہ آصف زرداری کو ملک پر مسلط کیا جا رہا ہے، عامر ڈوگر
پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ ہمارا مینڈیٹ چوری کرکے آئے ہیں وہ کرپٹ مسلط کیے گئے ہیں، کرپٹ عناصرِ کے بادشاہ آصف زرداری کو ملک پر مسلط کیا جا رہا ہے۔ کل رات ہمارا پارٹی اجلاس ہو چکا ہے، آج حق پرست محمود خان اچکزئی کو ووٹ دیں گے۔ الیکشن کمیشن جانبدار ادارہ ہے، الیکشن کمیشن ایک سیمنٹ کی دیوار ہے۔
مخصوص نشستیں جیت کر آنے والے ووٹ کے اہل نہیں، فیصل جاوید
پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے کہا ہے کہ مخصوص نشستیں جیت کر آنے والے ووٹ کے اہل نہیں ہیں، آج انتخاب میں آدھے سے زائد ووٹر اہل ہی نہیں۔