صوبہ کی جدوجہد میں خواتین نے کردار اداکیا ہے،لشکری رئیسانی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے متحرک طلباء رہنماء بانک ہانی بلوچ کی ناگہانی وفات پر متاثرہ خاندان،طلباء وسیاسی کارکنوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانک ہانی بلوچ کی وفات سے بلوچستا ن ایک سیاسی ذہن رکھنے والی طالبہ سے محروم ہوا ہے، صوبے کی محکومی و محرومی کے خاتمے کیلئے اپنی زندگیاں وقف کرنے والی خواتین قومی مسائل میں عدم دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے ایک مثال ہیں . یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں کہی .

نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے متحرک طلباء رہنماء بانک ہانی بلوچ کی ناگہانی وفات کو بلوچستان کیلئے نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانک ہانی بلوچ کی وفات سے بلوچستا ن ایک سیاسی ذہن رکھنے والی متحرک طالبہ سے محروم ہوا . بانک ہانی بلوچ جیسی سیاسی کارکنوں نے بلوچستان کی قومی محکومی و محرومی کے خاتمے کیلئے اپنی زندگیاں وقف کرکے ثابت قدم ہوکر جدوجہد میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے ان کی جدوجہد صوبے کے قومی مسائل میں عدم دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے مثال اور ان کیلئے لمحہ فکریہ ہے جو ذاتی مفادات اور وقتی اقتدار کیلئے زندگی گزاررہے ہیں . نوابزادہ لشکری رئیسانی نے اپنے ٹوئٹ میں بانک ہانی بلوچ کو خراج عقیدت اور ان تمام خواتین سیاسی کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے جو پسماندہ صوبے میں اپنے رسم،وروا ج، پردے کا خیال رکھتے ہوئے جدوجہد کررہی ہیں . انہوں نے کہا کہ 70 سالہ طویل جدوجہد میں بلوچستان کی خواتین نے جو کردار ادا کیا ہے ان کا کردار باقی دنیا کیلئے ایک مثال ہے . . .

متعلقہ خبریں