سندھ

شیر افضل مروت نے تحریک انصاف کی وہ 2غلطیاں بتا دیں جن کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے


کراچی(قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے تحریک انصاف کی وہ 2غلطیاں بتا دیں جن کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے ۔نجی ٹی وی کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ
ہم نے 2غلطیاں کیں جن کی ہم بھاری قیمت ادا کررہے ہیں، پہلی غلطی تب ہوئی جب عمران خان نے ہمیں شیرانی صاحب کی پارٹی کے ساتھ اتحاد کرنے کیلئے کہا تاکہ بلے کا نشان ہاتھ سے جاتا ہے تو شیرانی صاحب کی پارٹی کی شکل میں متبادل ہو، اس کیلئے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان، اسد قیصر اور مجھے ٹاسک دیا گیا، شیرانی صاحب کی پارٹی سے اتحاد کی بات ہونے کے بعد اچانک ان کا پتا کٹ گیا، اس کے بعد بلے باز سامنے آگیا.
بلے باز کیوں آیا، شیرانی صاحب کو کیوں ہٹایا گیا اس پر آج بھی سوالیہ نشان ہے، پارٹی سطح پر اس کے ذمہ داروں کا تعین ہونا چاہئے، اگر وہ غلط فیصلہ نہیں کیا جاتا تو پی ٹی آئی انتخابی نشان سے محروم نہیں ہوتی، بے شک ہمیں بلے کا نشان نہیں ملتا لیکن ہم شیرانی صاحب کی پارٹی سے انتخابات لڑتے۔
شیر افضل مروت کا مزید کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل سے اتحاد ہماری غلطی تھی جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا پی ٹی آئی کے وکلاء پہلے وکلاء تھے اب سیاستدان بھی ہوگئے ہیں۔عمران خان مخصوص نشستوں پر پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے سے انتہائی ناخوش اور مایوس ہوئے، عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے۔

متعلقہ خبریں