اپنے مذہبی عقائد پر کبھی معافی نہیں مانگوں گی، سارہ علی خان
ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کی بیٹی اداکارہ سارہ علی خان نے اپنے مذہبی عقائد پر کُھل کر بات کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سارہ علی خان اپنی نئی آنے والی فلم ‘اے وطن میرے وطن’ کی ریلیز کی تیاری میں مصروف ہیں، جوکہ آج یعنی 21 مارچ کو ریلیز ہوگی، اس حوالے سے وہ مختلف خبررساں اداروں کو انٹرویو بھی دے رہی ہیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران سارہ علی خان سے اُن کی کنیت کے بارے میں سوال کیا گیا جس پر اداکارہ نے کہا کہ میں ایک سیکولر خاندان میں پیدا ہوئی ہوں، میں ایک خودمختار خاتون ہوں، میرے اندر غلط کے خلاف کھڑے ہونے کا جذبہ ہے۔
سارہ علی خان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ لہٰذا، اگر میں کہیں بھی غلط یا ظلم ہوتا ہوا دیکھتی ہوں تو اُس کے خلاف کھڑی ہوجاتی ہوں، پھر چاہے وہ میرے ساتھ ہوا ہو یا میرے اردگرد کسی کے ساتھ۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میرے مذہبی عقائد، کھانے کے لیے میرا انتخاب، میں ایئرپورٹ جانے کے لیے کس طرح کے لباس پہننے کا انتخاب کرتی ہوں، یہ میرا فیصلہ ہے اور میں اس کے لیے کبھی معافی نہیں مانگوں گی۔
واضح رہے کہ سارہ علی خان کا تعلق مسلمان مذہب سے ہے، وہ اداکار سیف علی خان کی بیٹی ہیں، سیف علی خان نے پہلی شادی 1991 میں اپنے سے بڑی عمر کی ساتھی اداکارہ امریتا سنگھ سے کی تھی جن سے ان کے دو بچے بیٹی سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان ہیں۔
امریتا سنگھ سے طلاق کے بعد سیف علی خان نے 2012 میں کرینہ کپور کے ساتھ دوسری شادی کی تھی جس سے ان کے دو بیٹے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان ہیں۔