پختونخوا میں بھی کورونا کے نئے ویرینٹ کی تصدیق، 9 کیسز رپورٹ
پشاور(قدرت روزنامہ)خیبر پختونخوا میں بھی 9 مثبت کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کورونا کے نئے ویرینٹ کی تصدیق کردی گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے نئے ’جے این ون‘ ویرینٹ سمیت 9 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جو تمام پشاور کے مختلف اسپتالوں سے رپورٹ ہوئے۔ متاثرہ افراد میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔
2 متاثرہ افراد میں کورونا کے جے این ون اور جے این ون-18 کی تصدیق کی گئی ہے۔متاثرہ افراد کے لیے قرطینہ اور دیگر احتیاط لازمی قرار دی گئی ہے۔
محکمہ صحت نے صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران و میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو نئے کیسز کے حوالے سے اسکریننگ میں اضافے کی ہدایات جاری کردی ہیں جب کہ پازیٹو کیسز رپورٹ ہونے پر کورونا کے حوالے سے تشخیصی پریکٹس کو ایک بار پھر بحال کردیا گیا ہے۔
ڈی ایچ اوز کو کہا گیا ہے کہ جن اضلاع سے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ،وہاں اردگرد رشتے داروں و دیگر افراد کی کانٹیکٹ ٹریسنگ کی جائے۔ جن افراد میں کورونا کے نئے ویرنٹ سے مماثلت کی علامات پائی جائیں ان کا ٹیسٹ لازمی کیا جائے۔
پازیٹو کیسز آنے کی صورت میں سیمپلز کو پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب کو بھجوانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
طبی ماہرین اور محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ نیا کورونا ویرینٹ جے این ون مہلک نہیں لیکن تیزی سے پھیلاؤ اختیار کرسکتا ہے، اسی دوران دیگر 2 ویرینٹ بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسپتالوں کو اس حوالے سے تمام تر اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔