بلوچستان

بی آئی ایس پی سے وظیفہ حاصل کرنیوالی خواتین کو مکمل رقم فراہم کرنیکا مطالبہ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں (BISP) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے وظیفہ حاصل کرنیوالی خواتین کو درپیش مشکلات پر دُکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈیوائس ایجنٹ جہاں پر خواتین اپنے فنگر نشان لگا کر نقد رقم وصول کرتے ہیں ان کی جانب سے مسلسل خواتین سے رقم کاٹنے کی شکایات موصول ہورہی ہیں ، ڈیوائس ایجنٹ غیر قانونی طور پر رقم اور بچوں کے وظیفہ سمیت اہل خواتین کے وظیفہ سے 500سے1500تک کاٹ رہے ہیں اور کہا جاتا ہے کہ BISPوالوں کی جانب سے کم آیا ہے یا پھر دیگر حیلے بہانے کیئے جاتے ہیںجبکہ ایجنٹس بھی مرد حضرات رکھے گئے ہیں اور خواتین کے ساتھ بدتمیزی ، بداخلاقی پر مبنی رویہ اختیار رکھے ہوتے ہیں ۔ بیان میں کہا گیاہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ خواتین کو کیش کی فراہمی میں آسانی کیلئے اقدامات کرتے ہوئے ان ڈیوائس ایجنٹس کیخلاف کارروائی کرے جو خواتین سے رقم کی کٹوتی کررہے ہیں اور ایجنٹس /سٹاف کیلئے خواتین کو تعینات کیا جائے جو باآسانی خواتین کو وظیفہ کی مکمل فراہمی یقینی بنائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دوسری جانب سروے او ر نئی انٹری کے نام پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP)کے دفتر کے سامنے روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں خواتین ٹوکن لینے اور ٹوکن لیکر وظیفہ لینے کے لئے انتظار میں بیٹھی رہتی ہیں ، رمضان کے مقدس مہینے میں بھی سینکڑوں خواتین دفاتر کا چکر لگاتے رہتے ہیں ۔ ان خواتین کی اس طرح کی تضحیک قابل افسوس اور قابل گرفت ہے ۔ اس صوبے میں پشتون بلوچ اقوام کی اپنی اعلیٰ روایات ہیں اور بدترین مہنگائی ، بیروزگاری کے نتیجے میں اکثرخواتین BISPکے وظیفے کیلئے سروے کے ذریعے ٹوکن وصول کرتے ہیں اور انہیں کہا جاتا ہے کہ آپ کوجلد پیغام موصول ہوگا۔ فراڈ اوردھوکہ دہی کے دور میں روزانہ مختلف کمپنیوں اور جعلی افراد کاشہریوں کے موبائل پر پیغامات موصول ہوتے ہیں جس سے نہ صرف BISPکی انتظامیہ بلکہ PTAبھی بخوبی آگاہ ہے ۔ اور خواتین کی اکثریت ان پیغامات کو سمجھنے سے قاصر ہیں جس کی بنیاد پر وہ روزانہ کی بنیاد پر BISPکے دفتر کے گیٹ کے باہرسردی ہو یا گرمی اپنی اہلیت کی معلومات کے بارے میں انتظار کررہے ہوتے ہیں جہاں انہیں بیٹھنے کی جگہ تک میسر نہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ BISPکی انتظامیہ ان خواتین کی تضحیک وتذلیل کرنے سے اجتناب کرتے ہوئے ۔ جو خواتین اس پروگرام کیلئے اہلیت رکھتی ہیں اور جو نا اہل ہیں انہیں آگاہ کیا جائے نہ کی ٹوکن دیکر انتظار اور دفتر سے معلومات کا کہا جائے ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ اسلامی ، پشتون ، بلوچ روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے خواتین کی تقدس کی پائمالی اور ان کی تضحیک وتذلیل کے ناقابل معافی جرم کے مرتکب ہونے سے گریز کرے اورخواتین کے اس پروگرام کیلئے وظیفے کی فراہمی ودیگر معلومات کیلئے خواتین سٹاف کو ہی تعینات کیا جائے تاکہ اس پروگرام سے استفادہ حاصل کرنیوالی خواتین کے مسائل ومشکلات میں کمی آسکے ۔

متعلقہ خبریں